حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان و بانی اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی سے اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل و مرکزی نائب صدر ملی یکجہتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ و ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ مفتی گلزار نعیمی نے ملاقات کی۔
رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں مفتی صاحب نے قائد محترم کو آٹھویں "خاتون جنت کانفرنس" میں شرکت کی دعوت دی۔
ملاقات میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کو مستقبل میں متحرک اور فعال بنانے کے لیے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور قائد محترم نے وطن عزیز پاکستان میں نفرتیں پھیلا کر مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی سازشوں کے خاتمے کے لیے ملی یکجہتی کونسل کے کردار کو اہم قرار دیا اور عالمی صورتحال کے تناظر میں ملک میں بدامنی کے خاتمے اور اتحاو و وحدت کے ذریعہ امن و امان کے قیام کے لیے ملی کے حوالے سے رہنمائی فرمائی۔
قابل ذکر ہے کہ اس ملاقات میں موجودہ ملکی صورتحال سے دینی حلقوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے سمیت ملکی معیشت کی بہتری، مہنگائی کے خاتمے، سماجی و سیاسی رواداری کو بھی تمام اسٹیک ہولڈر کی جانب سے فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔